ممبئی،15/ نومبر (آئی این ایس انڈیا) کروڑوں روپئے کے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کو خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے پیر کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ یکم نومبر کو دیشمکھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اس معاملے میں پوچھ گچھ کے بعد منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی دفعات کے تحت گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی کی حراست ختم ہونے پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) لیڈر کو خصوصی جج ایم جے دیشپانڈے کے سامنے پیش کیا گیا، جنہوں نے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اس سال 21 اپریل کو بدعنوانی اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے الزام میں این سی پی لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ای ڈی نے دیش مکھ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف جانچ شروع کی تھی۔ دیشمکھ اور دیگر کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کا معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب سی بی آئی نے ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کی طرف سے کم از کم 100 کروڑ روپئے کی رشوت کے الزام میں این سی پی لیڈر کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ درج کیاگیا۔